
(24نیوز) استحکام پاکستان پارٹی نے ایک بار پھر نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو آگے لےجانے کےلئے نئے صوبوں کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے، پاکستان ، ذاتیات اور سیاسی مفادات سے مقدم اور مقدس ہے ، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں رہا ۔
عبدالعلیم خان کاکہناتھا کہ کسی کو پسند ہو یا نہ ہو،اچھا لگے نہ لگے، نئے صوبے بنانا ہوں گے ، اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، حکومت اتنی اہم نہیں ہوتی جتنا ملک کا مفاد عزیز ہوتا ہے ،شخصی یا سیاسی مفادات کسی صورت پاکستان کے مفاد سے بڑے نہیں ہو سکتے ۔
صدر آئی پی پی نے کہاکہ عام آدمی کے مسائل اُس کی دہلیز پر حل کرنے کےلئے چھوٹے انتظامی یونٹس بنانے ہونگے، ریاست کی سالمیت اور وطن عزیز سے بڑھ کر کوئی حکومت ، اقتدار یا کرسی نہیں ہو سکتی ، ملکی بقاء ، ترقی اور خوشحالی کے لئے قربانی سے ایک لمحہ نہیں ہچکچائیں گے ،جو اس مقصد میں ساتھ دے گا وہ ساتھ رہے گا ،ورنہ اُس کو جانا ہوگا، کسی کو جانا ہے چلا جائے، اس اصولی فیصلے پر اثر نہیں پڑے گا۔
عبدالعلیم خان کاکہناتھا کہ ہزارہ صوبے کی طرح بہاولپور صوبے کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ، سرائیکی صوبہ ، ملتان اور دیگر انتظامی یونٹس بننے چاہئیں ، نئے صوبوں کی ہر فورم پر مکمل حمایت کرتے رہیں گے ،جو بھی سیاسی جماعت نئے صوبوں کےلئے قد م بڑھائے گی اُس کا ساتھ دیا جائےگا ۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود اور صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان نے ملاقات کی،گلگت بلتستان سے صوبائی وزیر حاجی انور علی اور ممبر جی بی اسمبلی امام مالک بھی ملاقات میں شامل تھے،استحکام پاکستان پارٹی نے نئے صوبوں کےلئے پارٹی کی سطح پر ٹھوس حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ میں پھوٹ پڑ گئی،آزاد کشمیر کی قیادت نے نواز شریف کا فیصلہ مسترد کردیا






