2

دشمن کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل آگاہ ،دہشت گردی کو پوری قوت سے کچل دیں گے؛فیلڈ مارشل

(احمد منصور)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل آگاہ ہیں،سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر  نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ جنگ کی نوعیت بدل چکی، پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمتِ عملی اور صلاحیتوں کو اسی مطابق ڈھال رہی ہیں،سٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ صلاحیت ہی پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں،این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل آگاہ ہیں،دشمن ایجنسیوں کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن اور معاشی ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے،سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی،قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانے اور ان کے سہولت کار مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے۔

فیلڈ مارشل نے کہاکہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں،پاکستان کی آزمودہ کار مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد ہے۔

فیلڈ مارشل نے گریجویٹنگ افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کے اصول اپنانے کی تلقین کی۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے، مسلح افواج کے ترجمان کا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں