1

پیٹرول کی قیمتوں میں تاریخی کمی؟  ٹرمپ نے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 

(24 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے ساتھ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل کا معاہدہ کر لیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ہدایت پر وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز کے ساتھ مل کر نجی شعبے کی شراکت سے یہ معاہدہ طے کیا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کے تحت امریکا نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زائد ثابت شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ تاریخی معاہدہ امریکا کے تیل کے ذخائر کو دوگنا سے بھی زیادہ کرکے تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے مستقبل میں امریکی شہریوں کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو جائے گی۔

 امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے وینزویلا کو بڑی کامیابی اور خوشحالی کی جانب لے جانے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے بہتر ہوتے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے نتیجے میں مغربی نصف کرۂ ارض میں مستحکم تیل کے ذخائر اور کم لاگت والا تیل دستیاب ہو گا، جبکہ امریکا میں ایندھن کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔

 یہ بھی پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر کا حکومت کو ایران کی طاقت اور مزاحمت اجاگر کرنے کا حکم

معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے کہا کہ معاہدے کے تحت نجی کمپنیوں کی شمولیت سے ملک میں تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ تیل کے 17 اہم شعبوں کو ترقی دی جائے گی، جن میں مجموعی طور پر 65 ارب بیرل تیل کے ثابت شدہ امکانات موجود ہیں۔

روڈریگیز کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہو گی، جو وینزویلا کی تیل کی صنعت کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ملکی معاشی ترقی، خطے کی توانائی سلامتی اور عالمی تیل منڈی میں زیادہ توازن پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں