2

غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کیخلاف کریک ڈاؤنمشینری اور خام و تیار مال ضبط مقدمہ درج

(اشرف خان) فیڈل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کراچی میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ملیر میں غیر قانونی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا،حکام نے فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے مشینری اور خام و تیار مال قبضے میں لے لیا،ملزمان کے خلاف کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق فیکٹری میں روزانہ تقریباً 7 لاکھ سگریٹ تیار کرنے کی صلاحیت موجود تھی،غیر قانونی فیکٹری سے سالانہ تقریباً 20 کروڑ سگریٹ تیار کیے جا سکتے تھے،غیر قانونی سگریٹ سازی سے قومی خزانے کو سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ 

 ضبط کی گئی مشینری اور دیگر سامان کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی گئی۔

 ایف بی آر نے فیکٹری سے تقریباً 700 کلوگرام خام تمباکو بھی برآمد کرکے مکمل پلانٹ، مشینری اور  سٹاک ضبط کرلیا۔

  ملزمان کے خلاف کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت میں مقدمہ درج کرلیا گیا،ضبط شدہ پلانٹ اور مشینری کو قانونی کارروائی کے بعد آر ٹی او ٹو کراچی منتقل کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری تحقیقات جاری ہیں،ٹیکس چوری اور غیر قانونی تمباکو تجارت کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں