10

پمز آتشزدگی فائر سیفٹی خلاف ورزی پر 3 ہسپتالوں کو لاکھوں روپے جرمانہ 8 عمارتیں سیل

(بابر شہزاد تُرک)پمز آتشزدگی سانحے کے بعد وفاقی ترقیاتی ادارے کی زیرو ٹالرنس پالیسی، سی ڈی اے نے فائر سیفٹی خلاف ورزی پر پولی کلینک، سی ڈی اے ہسپتال پر پانچ پانچ لاکھ جرمانہ کر دیا جبکہ شہید ملت سیکرٹریٹ اور اسٹیٹ لائف بلڈنگ سمیت مجموعی طور پر 8 عمارات سیل کر دی ہیں.

 پمز آتشزدگی سانحہ تناظر میں سی ڈی اے کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق فائر سیفٹی خلاف ورزی پر پولی کلینک، سی ڈی اے ہسپتال پر پانچ پانچ لاکھ جرمانہ کیا گیا ہے، دونوں ہسپتالوں کو فائر سیفٹی انتظامات میں خامیوں پر متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم فائر اینڈ لائف سیفٹی سے متعلق خامیوں کو مکمل طور پر دور نہیں کیا گیا.

 نوٹسز میں حالیہ پمز مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال (ایم سی ایچ) آتشزدگی کے واقعے اور اس کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے ہسپتالوں میں فائر اور لائف سیفٹی اقدامات کی فوری اہمیت کو مزید اُجاگر کیا ہے، سی ڈی اے نے دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ کو 7 روز کے اندر 5 لاکھ روپے فی ہسپتال جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ساتھ ہی فائر ڈیٹیکشن اور الارم سسٹم سمیت فائر فائٹنگ و سپریشن سسٹم، ایمرجنسی لائٹنگ اور ایگزٹ سائنز سے متعلق خامیاں فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیا گیا ہے، نوٹسز میں ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر عملدرآمد مکمل ہونے کے بعد اس سے متعلق تکنیکی و دستاویزی شواہد پر مشتمل کمپلائنس رپورٹ سی ڈی اے میں جمع کرائی جائے۔

 فائر سیفٹی تقاضوں پر عملدرآمد کے بعد دونوں ہسپتالوں کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، سی ڈی اے کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :نئے صوبوں کیلئے رابطہ مہم تیز! علیم خان نے بڑا اعلان کردیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں