8

پیرس کے قریب فونٹین بلو جنگل میں خوفناک آگ ہزار ایکڑ رقبہ جل کر خاک

(ویب ڈیسک)فرانس کے دارالحکومت پیرس کے قریب واقع تاریخی فونٹین بلو جنگل میں لگنے والی شدید آگ نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پیرس سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع فونٹین بلو کے جنگل میں گزشتہ شام بھڑکنے والی آگ سے تقریباً ایک ہزار ایکڑ جنگلاتی رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا۔

 آگ کے باعث احتیاطاً 900 کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ اے سکس موٹر وے اور ریلوے ٹریفک بھی عارضی طور پر متاثر رہی، آگ پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فائرفائٹرز، پانی برسانے والے خصوصی طیارے اور ہیلی کاپٹر کارروائی میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان یا رہائشی عمارت کے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی، فرانس کے وزیرِ داخلہ لوراں نونیز نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ آگ مختلف مقامات سے بیک وقت بھڑکی، اس لیے جان بوجھ کر آگ لگائے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں ہلچل،تیل کی قیمتیں آسمان پر

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اس پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ صدر ایمانوئل میکرون نے آگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں