
(ویب ڈیسک )فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا کے درمیان جاری تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیفا نے امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں یوئیفا پر ادارے اور صدر گیانی انفانٹینو کے خلاف ’بدنام کرنے کی مہم‘ چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
تنازع کی بنیادی وجہ فیفا کے کمرشل حقوق سے متعلق ایک مجوزہ منصوبہ ہے جسے فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے نام سے پیش کیا گیا تھا۔
اس ادارے کے ذریعے مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ سے منسلک کمرشل حقوق کا انتظام کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم یوئیفا سمیت دیگر علاقائی تنظیموں کی مخالفت کے بعد یہ منصوبہ 31 جولائی کو واپس لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:داسن شاناکا کی دھواں دار بیٹنگ، سی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی
یوئیفا نے انفانٹینو اور فیفا کے دیگر عہدیداروں کے خلاف ممکنہ سوئس فوجداری کارروائی کے لیے امریکا سے دستاویزات اور گواہی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔
فیفا کا مؤقف ہے کہ یوئیفا نے منصوبے کو ابتدا ہی سے ناکام بنانے کی کوشش کی جبکہ یوئیفا نے فیفا میں اصلاحات اور صدارتی اختیارات پر حدود عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انفانٹینو مارچ 2027 میں چوتھی مدت کے لیے انتخاب لڑنے کے خواہاں ہیں تاہم انہیں تین کنفیڈریشنز کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے۔






