1

بھارتی خاندان میں 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر جشن نومولود کا گھر واپسی پر استقبال

(24 ںیوز)بھارتی خاندان میں 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر جشن ،نومولود بچی اور اس کی والدہ کا اسپتال سے گھر واپسی پر شاندار انداز میں استقبال کیا۔

دھیفالے خاندان کے مطابق ان کے خاندان میں تقریباً پانچ نسلوں سے کسی بیٹی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی، اسی وجہ سے بچی کی آمد کو خاندان نے ایک خاص اور یادگار موقع کے طور پر منایا،نومولود کا نام گارگی رکھا گیا ہے۔

گارگی کی والدہ، ساوبھاگیوتی کلپنا رشی کیش دھیفالے نے بچی کو جنم دیا،ہسپتال سے رخصتی کے بعد خاندان نے ماں اور بیٹی کو گھر لانے کے لیے ایک خصوصی جلوس کا انتظام کیا، پھولوں سے سجے رتھ میں دونوں کو بٹھایا گیا، جبکہ جلوس کے دوران ڈھول اور جھانج کی آوازوں کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا گیا۔

 اس موقع پر خاندان کے افراد نے گارگی کو انتہائی محبت اور توجہ کے ساتھ گھر پہنچایا۔ علاقے کے لوگ بھی اس منفرد جشن کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے اور خاندان کی خوشی میں شریک ہوئے۔

گارگی کے دادا لِمباجی دھیفالے، جن کا آبائی گاؤں مہاراشٹر کے لاتور ضلع کے احمدپور تعلقہ میں کولواڑی ہے، بچی کی پیدائش پر جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان میں بیٹی کی آمد ان کے لیے بڑی خوش قسمتی ہے۔ ان کے مطابق کئی برسوں سے خاندان میں بیٹی نہ ہونے کا احساس موجود تھا اور اب یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔

گارگی کی دادی سریکھا دھیفالے نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اس پیدائش سے بہت خوش ہے اور ان کے گھر میں آج ’’لکشمی‘‘ آئی ہے۔

بچی کے والد نے کہا کہ عام طور پر معاشرے میں لوگ بیٹے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، لیکن بیٹی کی پیدائش کی خوشی بھی اپنی جگہ بہت خاص ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹیاں اپنے والدین سے خاص طور پر جڑی ہوتی ہیں اور وہ اپنی بیٹی کی پرورش بہت محبت سے کریں گے۔

خاندان کے مطابق گارگی کے استقبال کا مقصد صرف اپنی خوشی منانا نہیں بلکہ معاشرے کو یہ پیغام دینا بھی تھا کہ بیٹی کی پیدائش کسی غم یا بوجھ کی بات نہیں، بلکہ خوشی اور فخر کا موقع ہے۔ خاندان نے جس انداز میں نومولود کا استقبال کیا، اس نے علاقے میں بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

ٰیہ بھی پڑھیں :نویں جماعت کے 7 لاکھ 53 ہزار 813 طلبہ و طالبات ناکام ہوگئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں