
( ویب ڈیسک )امریکا میں استعمال شدہ اور نیلام کیا جانے والا تیل کے شعبے کا پرانا سامان اب وینزویلا کی تیل صنعت کی بحالی میں استعمال ہونے لگا ہے، جہاں کئی برس کی کم سرمایہ کاری اور پابندیوں کے بعد پیداوار بڑھانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس، اوکلاہوما، کولوراڈو اور دیگر امریکی ریاستوں سے پرانے ٹرک، ڈرلنگ رِگز، پمپس، والو اسٹیشنز، ویلڈنگ کا سامان اور دیگر آلات اکٹھے کرکے وینزویلا روانہ کیے جا رہے ہیں۔
یہ سرگرمیاں ایسے وقت میں تیز ہوئی ہیں جب امریکی کاروباری ادارے وینزویلا کی تیل صنعت کی بحالی کے لیے واشنگٹن کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کے بعد ممکنہ 100 ارب ڈالر کے تعمیرِ نو منصوبے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وینزویلا کی سرکاری تیل کمپنی PDVSA کے مطابق ملک کو تیل کی صنعت کے لیے ڈرلنگ رِگز، پمپس، والو اسٹیشنز اور دیگر ضروری آلات درکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونا 5 ہفتوں کی کم ترین سطح پر! آگے کیا ہونے والا ؟
ہیوسٹن کے قریب ہیومبل میں قائم ایک شپنگ یارڈ سے یہ سامان وینزویلا کے اہم تیل بندرگاہوں گوانتا اور ماراکائیبو بھیجا جا رہا ہے۔ شپنگ کمپنی کے مطابق سال کے اختتام تک اس کی گنجائش مکمل طور پر استعمال ہونے کی توقع ہے اور اگلے دو بحری جہازوں کے لیے بھی آرڈرز پہلے ہی موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ورک اوور رِگز سے بھرے کنٹینرز گزشتہ ہفتے ماراکائیبو پہنچے، جبکہ آئندہ دو شپمنٹس میں 1,500 ہارس پاور کے دو بڑے رِگز بھی وینزویلا بھیجے جانے کی توقع ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اب تک وینزویلا بھیجے جانے والے اس کے سب سے بڑے رِگز ہوں گے۔
تاہم پرانے سامان کی حالت نے اس کی کارکردگی اور قابلِ اعتماد ہونے پر سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔ وینزویلا کے لیے سامان خریدنے میں شامل سرمایہ کار جیسی کول کے مطابق بعض اوقات بہترین چیزیں ہاتھ آتی ہیں، جبکہ بعض اوقات انتہائی خراب حالت کا سامان بھی ملتا ہے۔
دوسری جانب Chevron، SLB اور دیگر توانائی کمپنیوں کے حکام کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے مشکل تیل کے علاقوں، خصوصاً لیک ماراکائیبو اور وسیع اورینوکو بیلٹ میں پیداوار بڑھانے کے لیے مزید طاقتور آلات کی ضرورت ہوگی۔
مزید پڑھیں:تیل کی قیمتیں پھر تبدیل!پریشان کن خبرسامنے آگئی
وینزویلا کی تیل پیداوار 1990 کی دہائی کے آخر میں 30 لاکھ بیرل یومیہ سے زیادہ تھی، تاہم کئی دہائیوں کی کم سرمایہ کاری، بدعنوانی اور غیر ملکی پابندیوں کے بعد اب یہ تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ رہ گئی ہے۔
یوں امریکا سے استعمال شدہ تیل کے آلات کی بڑھتی ہوئی ترسیل وینزویلا کی طویل عرصے سے مشکلات کا شکار تیل صنعت کو دوبارہ فعال کرنے کی نئی کوششوں کی اہم علامت بن گئی ہے۔






