3

پسنی میں اب تک بجلی کی بندش، گوادر میں نمی سے بجلی کے بار بار تعطل مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی ایکسیئن کیسکو سے ملاقات

قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایکسیئن کیسکو گوادر حسین بخش سے ملاقات کی، جس میں گوادر اور دیگر علاقوں میں بجلی کی صورتحال، بار بار تعطل، تاروں کے گرنے اور ٹرانسفارمرز کی خرابی سمیت مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے نمی کی معمولی صورتحال کے باعث گوادر میں بجلی کے بار بار تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر ایسا کیا مسئلہ ہے کہ معمولی نمی سے بجلی کا پورا نظام متاثر ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کیسکو حکام پر زور دیا کہ اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے اور بجلی کے نظام کو موسمی اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر ایکسیئن کیسکو حسین بخش نے بتایا کہ نمی کے باعث بجلی کے مسائل کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں اور جلد مناسب اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

ملاقات میں پسنی گریڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے استفسار کیا کہ ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے پسنی بھیجے جانے کے باوجود شہر میں بجلی کی فراہمی بحال کیوں نہیں ہوسکی۔ ایکسیئن کیسکو نے بتایا کہ ٹرانسفارمر کے تاروں کی تنصیب کا کام جاری ہے اور آج شام تک پسنی شہر کی بجلی بحال ہونے کی توقع ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جیونی اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں میں خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت میں تاخیر کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ ایکسیئن کیسکو نے بتایا کہ ٹرانسفارمرز کی مرمت کے لیے ضروری سامان منگوایا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سامان گوادر نہیں پہنچ پا رہا۔

اس پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ بجلی کی فراہمی بحال کرنا کیسکو کی ذمہ داری ہے، اس لیے کسی بھی صورت ضروری سامان منگوایا جائے اور خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسائل کے باعث شہریوں اور کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے، لہٰذا اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات ضروری ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح کیا کہ گوادر، پسنی اور جیونی سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی سے متعلق عوامی شکایات کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں