
(24نیوز) بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ نے اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کے خلاف راولپنڈی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں جیل اہلکار پر مبینہ غفلت، بدسلوکی اور غیر انسانی رویہ اختیار کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ کی طرف سے درخواست فیصل ملک ایڈووکیٹ نے سیشن عدالت میں داہر کی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے اس درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد پراسیکیوشن کونوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی تک جواب طلب کرلیا ہے۔ سیشن جج نے اس درخواست کی مزید سماعت 16 جولائی تک تک ملتوی کردی۔
مبشرہ شیخ کی طرف سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی نے دوران قید اپنی آنکھ میں شدید تکلیف کی متعدد بار شکایت کی لیکن جیل انتظامیہ اور متعلقہ اہلکار نے بروقت طبی امداد کی سہولت فراہم نہیں کی۔ علاج میں تاخیر کے باعث ان کی آنکھ کی بیماری بگڑتی رہی اور بالآخر ان کی فوری سرجری کروانا پڑی۔
یہ بھی پڑھیئے: دہشتگردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے، مسلح افواج کے ترجمان کا اعلان
مبشرہ شیخ کی درخواست میں اڈیالہ جیل کی خاتون اہلکار مریم بی بی پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کے ساتھ غیر انسانی، توہین آمیز اورغیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا۔
مبشرہ شیخ کی درخاست میں مزید کہا گیا کہ اڈیالہ جیل کی اہلکار کے رویے کے بارے میں متعدد بار شکایات کی گئیں ، کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
مبشرہ شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اورقیدیوں کومناسب طبی سہولیات اورانسانی حقوق کے مطابق برتاؤ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں فورسز کا آپریشن: فتنۃ الہندوستان کے 19 دہشتگرد جہنم واصل، 11 جوان شہید