
(ویب ڈیسک) ایران کے میڈیا میں جزیرہ قشم اور بندر عباس میں متعدد دھماکے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران ہی کویت کے فوجی حکام نے کویتی تنصیبات پر ڈرون حملے ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ قشم جزیرہ اور بندر عباس میں 12 سے زیادہ زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق عینی شاہدوں نے کئی مقامات سے دھوئیں کے بڑے بادل اٹھنے کی اطلاع دی۔
اسی دوران کویت میں حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے نے سرحدی چوکیوں اور تیل کے پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی میڈیا نے جنوبی ایران میں متعدد مقامات پر حملوں کی اطلاع دی ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب یہ بتایا کہ جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان کے متعدد مقامات بشمول جزیرہ قشم، بندر عباس اور حاجی آباد، اتوار کو حملے کی زد میں آئے ہیں۔
رپورٹوں میں اس بات کی نشاندہی نہیں کی گئی کہ حملے کس نے کیے، صرف ایک “دشمن” کے حملے کا حوالہ دیا گیا۔
ان خبروں کی تصدیق کے لئے سی این این نے تبصرے کے لیے امریکی سینٹرل کمانڈ سے رابطہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری نئی جھڑپوں کے درمیان ہوئے ہیں۔
ایران کی سرکاری اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی (IRNA) نے قشم کے گورنر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتوار کی سہ پہر سے 10 سے 11 “دشمن کے میزائل” جزیرہ قشم پر حملہ آور ہوئے۔ IRNA کے مطابق، حسین امیر تیموری نے کہا کہ نشانہ بننے والے تمام مقامات فوجی اہداف تھے اور جزیرے پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
IRNA نے بعد میں اطلاع دی کہ بندر عباس، قشم اور حاجی آباد میں ایران کی فوجی تنصیبات سے تعلق رکھنے والے مزید مقامات پر حملے ہوئے ہیں۔
ایک الگ اپ ڈیٹ میں، IRNA نے کہا کہ ایران کی موبائل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے لیے کام کرنے والا ایک مینٹیننس ٹیکنیشن صوبہ ہرمزگان کی بندر لینگے کاؤنٹی کے جزیرہ فرور پر ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہو گیا، اور اس کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔
ہرمزگان ایران کے انتہائی جنوب میں خلیج فارس اور خلیج عمان کے سٹریٹجک ساحلوں کے ساتھ واقع ہے۔
کویت کی کمپنی کے آف شور پلیٹ فارم پر حملے کی تصدیق
گلف نیوز نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک رپورٹ میں بتایا کہ کویتی فوج نے ملک کے شمال میں تین زمینی سرحدی چوکیوں کو دشمن کے ڈرون حملے میں نشانہ بنئے جانے کی اطلاع دی ہے۔اس ڈرون حملےسے مادی نقصان ہوا۔
ایک بیان میں، وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان، کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے کہا کہ کویت کے علاقائی پانیوں میں کویت آئل کمپنی کے زیر انتظام ایک آف شور ڈرلنگ پلیٹ فارم کو بھی ایک دشمن ڈرون نے نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیئے: پانچ خلیجی ملکوں پر ایرانی حملے، دو ثالث بھی نشانہ بن گئے، کشیدگی کا نیا عروج
حملے سے مادی نقصان ہوا اور ایک کارکن زخمی ہوا، جسے ضروری طبی امداد دی جا رہی ہے۔
کویتی حکام نے کہا کہ متعلقہ ایجنسیوں نے فوری طور پر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مطلوبہ جوابی اقدامات شروع کر دیئے۔
کویتی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا کہ فوج پوری طرح تیار ہے اور اس نے ملک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: امریکہ نے عمان میں شہریوں کو کمرشل فلائٹس سے واپسی کا مشورہ دے دیا، کئی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت






