
(انورعباس) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہاہے کہ نائب وزیرعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے شہر شنگھائی کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے، آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر مجموعی طور پر 29 ممالک نے دستخط کیے،پاکستان آرگنائزیشن کے بانی ارکان میں شامل ہے، تنظیم عالمی تعاون، استعداد کار اور ڈیجیٹل تقسیم کم کرنے کے لیے قائم کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدے کی تقریب سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے شریک وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا،اسحاق ڈار نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس کا افتتاح چینی صدر شی جن پنگ نے کیا،اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات کی،ملاقات میں مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک منصفانہ رسائی کی اہمیت پر زور دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیکنالوجی کی ترقی کو پائیدار ترقی اور ترقی پذیر ممالک کی سماجی و معاشی بہتری کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا، اسحاق ڈار نے کانفرنس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور کثیرالجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،دورہ پاکستان اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا،دورہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔






