9

پاکستان کیخلاف 365رنز کی اننگز کھیلنے والے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈکرکٹ چل بسے

(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری آل راؤنڈر سر گارفیلڈ سوبرز عرف گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں چل بسے۔ 

دُنیائے کرکٹ کے عظیم آل راؤنڈر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی جبکہ اپنے عہد میں ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ 

سر گیری سوبرز کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین آل راؤنڈرز میں کیا جاتا ہے۔ جو مایہ ناز بلے بازی کے ساتھ ساتھ تیز باؤلنگ اور سپن باؤلنگ دونوں میں یکساں مہارت رکھتے تھے، اور ایک شاندار فیلڈر بھی تھے۔

انہوں نے 1958 میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری کو 365 رنز ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز میں بدلا۔

یہ ریکارڈ 36 سال تک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی سکور رہا جسے بعد میں ان کے ہم وطن کھلاڑی برائن لارا نے توڑا۔

یہی نہیں بلکہ سر گیری سوبرز دنیا کے وہ پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی تمام 6 گیندوں پر 6 چھکے مارنے کا ناقابلِ یقین کارنامہ 1968 میں ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے انجام دیا۔

سر گیری سوبرز نے اپنے طویل انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 93 ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی اور 57.78 کی شاندار اوسط سے 8,032 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 26 سنچریاں بھی سکور کیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنی جادوئی باؤلنگ سے 235 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

سر گیری سوبرز نے 1965 سے 1972 کے دوران 39 ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی اور اپنی جارحانہ قیادت سے ویسٹ انڈیز کو دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک بنادیا۔

کرکٹ کی دنیا میں ان کی بےمثال خدمات کے اعتراف میں 1975 میں ملکہ برطانیہ نے انہیں ‘نائٹ ہڈ’ (سر) کے اعزاز سے نوازا۔

اس کے علاوہ انہیں صدی کے پانچ بہترین کرکٹرز ‘وزڈن کرکٹرز آف دا سنچری میں شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:گیس صارفین کیلئے نئی سہولت کا آغاز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں