
(ملک رحمان)پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلشیئر جھیل پھٹنےکا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے نے کہاکہ 19 سے 25 جولائی کے دوران بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اپر و لوئر چترال، اپر دیر، سوات، بحرین سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھلنے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں کو ہنگامی مشینری، عملہ اور امدادی سامان ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔ حساس علاقوں میں مقامی آبادی کو بروقت آگاہ کرنے، انخلا کے مراکز فعال رکھنے اور انخلا کی مشقوں پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز بہاؤ والے ندی نالوں اور دریاؤں کو عبور نہ کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری






