
(24نیوز) کراچی میں ڈرم میں چھپائی گئی لاش کی شناخت ہو گئی۔ یہ قتل کا معاملہ نکلا ہے اور مقتول کا نام عالم زیب ہے۔
مقتول 36 سالہ عالم زیب کورنگی میں رہتا تھا۔ اس کی لاش کی شناخت بائیو میٹرک کرنے سے ہوئی۔ مقتول عالم زیب طارق روڈ کے قریب ایک پرائیویٹ ادارہ کے دفتر میں چپڑاسی کی نوکری کر رہا تھا۔
عالم زیب کے لواحین تک پہنچنے کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ وہ گزشتہ اتوار کی رات 8 بجے سے لاپتہ تھا۔ اس کا موبائل فون بھی بند تھا۔ عالم زیب کی لاش منگل کے روز سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب پلاسٹک کے ڈرم سے ملی تھی۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا تاہم پولیس کو ملزموں تک پہنچنے کا راستہ ضرور مل گیا ہے اور وہ شخص گرفتار ہو گیا ہے جس نے ملزموں کو لاش سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب لا کر رکھنے میں معاونت فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تین سالہ بچی کی بوری میں ملنے والی لاش کا معمہ حل، پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کر لیا
پولیس نے اب تک کی تفتیش کے نتیجہ میں لاش والا ڈرم لا کر جائے وقوعہ پر رکھنے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ایک سوزوکی پک اپ کا رجسٹریشن نمبر ٹریس کیا اور اس سوزوکی پک اپ گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور یہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
ڈرائیور کے مطابق دو افراد ڈرم گاڑی میں رکھوا کر سہراب گوٹھ لے گئے تھے۔
ڈرم بس اڈے کے قریب اتارنے کے بعد وہ دونوں کرایہ ادا کرکے چلےگئے تھے۔ گاڑی کے ڈرائیور کا دعویٰ ہے کہ اسے کچھ پتہ نہیں تھا کہ درم میں کوئی لاش ہے۔
اب پولیس ڈرم کو گاڑی پر لاد کر لانے والے دو نامعلوم قاتلوں کی تلاش کر رہی ہے۔ پولیس کو یقین ہے کہ لاش والا درم گاڑی پر لادنے اور اتارنے والے ہی قاتل ہیں۔
پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ لاپتہ ہونے سے پہلے مقتول کہاں کہاں گیا اور کس کس سے ملا تھا۔ وہ اتوار کی شب رات 8 بجے سے لاپتہ تھا جس کا موبائل فون بھی بند مل رہا تھا جس کے بعد اس کی لاش سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب منگل کو پلاسٹک کے ڈرم سے ملی۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈن بوٹ فیکٹر؛ میسی کے ساتھ آج رات انہونی ہونےوالی ہے






