
(سید نعمان شاہ)بالاکوٹ میں موسلادھار بارش، برساتی نالوں میں طغیانی آگئی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر،سیاحوں کی متعدد گاڑیاں برساتی نالوں کے قریب پھنس گئیں ۔
تحصیل بالاکوٹ کے بالائی علاقوں میں ہونے والی شدید مون سون بارش کے باعث ڈمگلہ، شوال اور بولی کے برساتی نالوں میں اچانک طغیانی آ گئی، جس سے پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں متاثر ہوئیں اور ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر رہی۔
بارش اور نالوں میں طغیانی کے نتیجے میں متعدد سیاحوں کی گاڑیاں برساتی نالوں کے قریب پھنس گئیں، جس پر ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے تمام پھنسے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی فوجیوں کی ہلاکت!ٹرمپ کا بڑا حکم جاری
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مسلسل بارشوں کے باعث صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران برساتی نالوں، سیلابی ریلوں اور تیز بہاؤ والے پانی کو عبور کرنے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے حتیٰ الامکان اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔






