
(24 نیوز )وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نورین نیازی کے معرکۂ حق سے متعلق بیان نے بانی پی ٹی آئی کی اصل ذہنیت کھول کر سامنے رکھ دی ہے، مودی کی تعریفیں کرنا اور بھارت کو سپر پاور قرار دینا، بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے ملک دشمن بیانیے کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نےنورین نیازی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن بھارت کے مؤقف کی حمایت کرکے بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان سیدھا سیدھا ملک دشمنی پر اتر آیا ہے،معرکۂ حق میں پاک فوج کی فتح کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی جبکہ بھارت نے اپنی شکست تسلیم کی۔
انھوں نے کہا کہ بھارتیوں سے بڑھ کر بھارت سے وفاداری نبھانے والی نورین نیازی نے اپنے بھائی بانی پی ٹی آئی کا مؤقف پیش کیا ہے،نورین نیازی کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،سیاسی اختلافات اپنی جگہ، بانی پی ٹی آئی کا خاندان براہ راست ملک دشمنی پر اتر آیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی فتح کو ملی بھگت قرار دینا قومی مفاد سے کھلواڑ ہے،جب بھارت دنیا بھر میں اپنی شکست کا دفاع نہ کر سکا تو عمران خان کی بہن کا بھارت کی شکست کا دفاع کرنا معنی خیز ہے، اس بیان کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :گرمی کی شدت اور سولر سے کم پیداوار کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ






