
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرینسپن سے ملاقات میں اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ربیکا گرینسپن نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور اقوام متحدہ میں اس کی دیرینہ خدمات کو سراہا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرینسپن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام (ملٹی لیٹرلزم) کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر مکمل عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔
Islamabad, 10 July 2026.
Ms. Rebeca Grynspan, Candidate for the position of United Nations Secretary-General, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif at the Prime Minister House today.
During the meeting, the Prime Minister reaffirmed Pakistan’s steadfast and… pic.twitter.com/SkhaK9HJTU
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) July 10, 2026
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر اور دیانتدارانہ عمل درآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام ہی عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے 3 بنیادی ستون، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے خاص طور پر عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد میں تیزی لانے اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ربیکا گرینسپن نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی طویل اور مؤثر خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی ادارے میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے حالیہ علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔






