
(24 نیوز)شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اس بار ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ہجوم کے درمیان سے گزرتے ہوئے ایک مداح کو اپنے قریب آنے پر پیچھے دھکا دیتے دکھائی دیے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی سکیورٹی کے حصار میں آگے بڑھ رہے تھے کہ اسی دوران ایک نوجوان مداح نے ان کے قریب آنے کی کوشش کی
جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آفریدی نے اسے ہاتھ سے پیچھے دھکیل دیا۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
کئی صارفین نے شاہد آفریدی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مداح کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔
مزید پڑھیں:محمد علی ،جارج فورمین کی فائٹ شیئر ،ٹرمپ کی پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
بعض افراد نے شاہد آفریدی سے معذرت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، دیگر صارفین نے بھی اس واقعے پر تنقیدی تبصرے کیے ہیں۔
دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو پورا منظر پیش نہیں کرتی۔
اس لیے مکمل حقائق سامنے آنے سے پہلے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں ہو گا۔
شاہد آفریدی کی جانب سے اس وائرل ویڈیو یا اس پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔






