
(عیسیٰ ترین، اویس کیانی) بلوچستان کے ضلع زیارت دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس سے 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
ایس پی زیارت نے بتایا کہ زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہداء میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان شامل ہیں، گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔
ایس پی زیارت نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں، واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز سے ارکان اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند کا کہنا تھا کہ ضلع زیارت کے علاقے منگی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، 15 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے ہیں۔
ضلع زیارت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کلئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، شاہد رند معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان.
دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل، 15 دہشت گرد جہنم واصل۔ ایف سی، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے مشترکہ…
— Govt. of Balochistan (@dpr_gob) July 7, 2026
شاہد رند کے مطابق آپریشن میں ایف سی، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے حصہ لیا، ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی، ریاست پوری قوت سے دہشت گردوں کو جواب دے رہی ہے، دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، ہر حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے حملے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ عناصر بلوچستان کی ترقی، امن اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب لیا جائے گا،وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی کو بھی بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت کے علاقے میں کارروائی کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم اور سیکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ درحقیقت پاکستان کی بقا، امن اور استحکام کی جنگ ہے، جس میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔






