1

  شمالی علاقہ میں برفانی تودہ گر گیا!  دنیا کے  معروف  کوہ پیما سمیت 10 لاپتہ 

( ویب ڈیسک )پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 10 کوہ پیماؤں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

الپائن کلب آف پاکستان (ACP) کے مطابق قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک پر ایک کوہ پیمائی مہم کے دوران برفانی تودہ گرا، جس کے بعد مہم پر موجود ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

الپائن کلب نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والی ٹیم کی قیادت نرمل پرجا کر رہے تھے جبکہ ٹیم میں 5 نیپالی کوہ پیما، ایک پاکستانی، ایک عمانی، ایک امریکی، ایک چینی اور ایک دیگر غیر ملکی کوہ پیما شامل ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں۔۔۔

بیان کے مطابق حادثے کے بعد تمام افراد سے رابطہ ختم ہو چکا ہے اور ریسکیو کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر اور دیگر دستیاب وسائل کو متحرک کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم موسم اور آپریشنل حالات ریسکیو سرگرمیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

43 سالہ نرمل پرجا دنیا کے معروف کوہ پیماؤں میں شمار ہوتے ہیں،وہ برطانوی فوج کی بریگیڈ آف گورکھاز میں خدمات انجام دینے کے بعد کوہ پیمائی کے شعبے سے وابستہ ہوئے۔

نرمل پرجا نے 2019 میں دنیا کی تمام 14 ایسی چوٹیوں کو سر کرنے کا ریکارڈ قائم کیا جن کی بلندی 8 ہزار میٹر سے زیادہ ہے، انہوں نے یہ کارنامہ صرف 6 ماہ اور 6 دن میں مکمل کیا تھا۔

2021 میں بھی نرمل پرجا نے 9 دیگر نیپالی کوہ پیماؤں کے ساتھ مل کر کے ٹو (K2) کی پہلی سرمائی مہم کامیابی سے مکمل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں