
(24 نیوز) کراچی سے ابوظہبی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی ، طیارے میں 128 مسافر سوار تھے، کراچی سے ابوظہبی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز میں اڑان بھرتے ہی اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا اتحاد ایئر ویز کی پرواز ای وائی 299 نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ابوظہبی کے لیے اڑان بھری تھی تاہم پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ایئربس 320 طیارے کے انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی۔
انجن میں خرابی کا پتا چلتے ہی طیارے کے کپتان نے فوری طور پر کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واپس ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اے ٹی سی سے فوری اجازت ملنے کے بعد، کپتان نے کمالِ مہارت سے طیارے کا رخ واپس موڑا اور اسے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کروا لیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے میں 128 مسافر سوار تھے، جو کہ مکمل طور پر محفوظ ہیں، تمام مسافروں کو طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں متبادل انتظامات تک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب ایئربس 320 طیارے کا معائنہ کرنے اور فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے انجینئرز کی ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے جو طیارے کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں کامیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل کردی






