1

کراچی: برقع پہن کر اور کلہاڑیاں لے کر بینک لوٹنے والے ڈاکو کیسے فرار ہوئے؟

(ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں گزشتہ روز بینک ڈکیتی کی ناکام کوشش کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک اور بینک ڈکیتی ہوتے ہوتے بچ گئی  جہاں ملزمان مبینہ طور پر خواتین کے روپ میں برقع پہنے اور کلہاڑی لے کر داخل ہوئے اور گارڈ کو زخمی کرنے کے بعد سائرن بجنے پر فرار ہوگئے ۔

مقدمہ بینک مینیجر کی مدعیت میں بلال کالونی تھانے میں درج کیا گیا ہے  جس میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں،ایف آئی آر کے متن کے مطابق دن پونے ایک بجے دو افراد اور ایک برقع پوش شخص بینک برانچ کے گیٹ پر پہنچے، ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ امتیاز پر تشدد کیا۔

اس کا اسلحہ چھینا اور زبردستی بینک میں گھس گئے،اس دوران برقع پوش ملزم نے اپنے بیگ سے پستول نکال کر سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ بھی کی  جبکہ اس کے دوسرے ساتھی نے کہاڑی کی مدد سے کاؤنٹر کا شیشہ توڑ دیا۔

مقدمے میں درج ہے کہ ڈکیتی کے دوران آپریشن مینیجر فرخ نے انتہائی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر سائرن کا بٹن دبا دیا، بینک کا سائرن بجتے ہی تینوں ملزمان گھبرا گئے اور ادھر ادھر بھاگنے لگے  جبکہ سائرن کی آواز پر بینک کا تمام عملہ خوفزدہ ہو کر اپنی میزوں کے نیچے چھپ گیا۔

پولیس کے مطابق ہیلمٹ پہنے ہوئے دو ملزمان اور برقع پوش ساتھی موقع سے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے،مدعی کے مطابق برقع پہنے ہوئے ملزم کا لہجہ مردوں جیسا محسوس ہو رہا تھا،ملزمان سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے کے باوجود کسی قسم کی رقم لوٹے بغیر ہی خالی ہاتھ فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں؛  کرائم ٹریس کرنے کیلئے بڑا فیصلہ!سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں