
(حاشر وڑائچ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی انتظامات سے متعلق متعدد شکایات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے کہا ہے کہ حلقہ ایل اے-31 میں رنگلہ، کٹکیر روڈ بند ہونے کے باعث 50 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں، جس کے نتیجے میں ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے-34 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پاکستان پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو بیٹھنے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے-28 کے 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ شکایت ارسال کر دی ہے۔
شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچنے کے باعث پولنگ مقررہ وقت پر شروع نہیں ہو سکی، جس سے صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہریوں کے حق رائے دہی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن ملتوی
پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کے لیے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا ریکارڈ مرتب کر کے پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے۔
پارٹی نے انتخابی انتظامات میں مبینہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔






