7

5اگست2019سیاہ ترین دنکشمیر پربھارت کے یکطرفہ اقدامات کوتسلیم نہیں کرینگے: امیرمقام

(24نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان انجنیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی،انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے اور عالمی برادری اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد پائیدار حل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان آئینی دفعات کے تحت غیر کشمیری افراد کو وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے یا جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم بھارت نے انہیں ختم کرکے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔

امیر مقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت بیرونِ ریاست سے لوگوں کو لا کر مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے تاکہ کشمیری اپنے ہی وطن میں اقلیت بن جائیں، تاہم بھارتی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبایا نہیں جا سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ معرکۂ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں