2

جون 26 میں ترسیلات زر میں ماہانہ 18 فیصد کمی سالانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ

(احسن عباسی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیاد پر ان میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 میں بیرون ملک پاکستانی ورکرز نے مجموعی طور پر 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں، اس کے مقابلے میں مئی 2026 کے دوران عیدالاضحیٰ کے باعث ترسیلات زر کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا تھا اور یہ ریکارڈ 4 ارب 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 41 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں سعودی عرب پاکستانی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں سے 9 ارب 78 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور وہاں سے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر پاکستان آئے۔

یہ بھی پڑھیں:فلپائن میں مسافر طیارے ٹکرا گئے

اسی طرح برطانیہ سے 6 ارب 32 کروڑ ڈالر، یورپی ممالک سے 5 ارب 22 کروڑ ڈالر جبکہ امریکا سے 3 ارب 62 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں