4

اسلام آباد میں 12 سال بعد یوم آزادی پر سٹی پریڈ شہریوں اور خاندانوں کی بھرپور شرکت

(24نیوز)وفاقی دارالحکومت میں 12 سال بعد یوم آزادی کے موقع پر یادگار سٹی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

اولڈ پریڈ گراؤنڈ، ڈی چوک میں ہونے والی شاندار تقریب میں شہریوں اور خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قومی جوش و جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔ 

سٹی پریڈ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان کی قومی ثقافت کے مختلف رنگ نمایاں رہے جبکہ شرکا نے یوم آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائیں۔

پریڈ میں پولیس سکواڈ، جھنگ ڈانس گروپ، ڈھول پرفارمرز، پائپ اور پرکشن بینڈز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اونٹوں کے بینڈ نے بھی منفرد انداز میں پرفارمنس پیش کرکے شرکا کی توجہ حاصل کی۔

تقریب میں معروف فنکاروں نمرا مہرا، ساحر علی بگا اور خماریاں بینڈ نے لائیو میوزک پرفارمنس پیش کیں، جس سے جشن کا ماحول مزید پرجوش ہوگیا۔ بچوں کیلئے مختلف میسکوٹس اور رفیع پیر میسکوٹس بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔

سٹی پریڈ میں ونٹیج کارز اور ونٹیج بائیکس کے شاندار فلیٹ نے بھی تقریب کی رونق بڑھائی۔ شہریوں نے تاریخی اور منفرد گاڑیوں کو خصوصی دلچسپی سے دیکھا۔

سٹی پریڈ کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سٹی پریڈ کا مقصد شہریوں کو یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنا اور قومی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں یوم آزادی قومی یکجہتی اور جوش و خروش سے مناتی ہیں۔

جشن آزادی قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر داخلہ محسن نقوی کو عوامی خدمات کے اعتراف میں بڑے اعزاز سے نوازنے کی منظوری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں