
(راؤ دلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، چیئرمین این ڈی ایم اے، ایس ایم بی آر اور پی ڈی ایم اے حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں “پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026” پیش کیا گیا جبکہ وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی ایونٹس کیلئے ارلی وارننگ سسٹم، کسی بھی ایکسٹریم ویدر ایونٹ سے کم از کم 6 گھنٹے قبل باہمی رابطے، اضلاع میں سینٹرلائزڈ انفارمیشن اسکرینز، مون سون و سیلاب سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائزز، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کے بہتر رابطے، جامع موسمی و ہیٹ ویو ایڈوائزری، کنٹرولڈ ٹورازم اور اضلاع کی لاجسٹکس بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا گزشتہ بڑے سیلاب کے باوجود صوبے میں کوئی وبا نہیں پھیلی، کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال فوری تعینات کیے گئے، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، واٹر اسٹوریج صلاحیت بڑھائی جا رہی ہے جبکہ واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کا نظام پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:لیسکوافسران و ملازمین کے بجلی چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف
ڈاکٹر مصدق ملک نے مریم نواز کی قیادت میں موسمیاتی تبدیلی پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کلائمیٹ پلان پر کام کیا جا رہا ہے اور بھارتی آبی جارحیت کے باوجود پنجاب نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
اجلاس میں فلڈ 2025 اسنیپ شاٹ، مون سون ایکٹیویٹی چارٹ، پی ڈی ایم اے کی ادارہ جاتی مضبوطی، جدید آلات کی خریداری، بحالی رپورٹ اور جلال پور، نوراجا بھٹہ اور چندربن فلڈ بند کی بحالی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈسٹرکٹ سطح پر سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو سراہا۔






