
(24 نیوز )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ریجنل پولیس آفس راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی ریجن کے سینئر پولیس افسران کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، آر او سپیشل برانچ، آر او سی سی ڈی، سی ٹی ڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں راولپنڈی ریجن میں کرائم، لاء اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی صورتحال، بالخصوص آمدہ عید میلادالنبیؐ کے سیکیورٹی انتظامات پر آئی جی پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، جبکہ جلوسوں کے روٹس، مجالس و اجتماعات کے مقامات اور حساس پوائنٹس کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کو ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی جائے اور مذہبی اجتماعات کے دوران علماء، منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ و کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے۔
پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے واقعات پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے سپروائزری افسران کو ذاتی نگرانی کے احکامات دیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس حراست، حوالگی اور ملزمان کی منتقلی کے تمام مراحل میں سیکیورٹی پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر پٹرولنگ، ناکہ بندی، سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کیلئے سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں :پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافہ ، اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا






