
(24نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار برطانیہ کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ 28 اگست تک قیام کریں گے اور برطانوی حکومت کے اعلیٰ حکام سمیت مختلف عالمی اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اسحاق ڈار برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورہ برطانیہ کے دوران نائب وزیراعظم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کے معاملے کو خصوصی طور پر اٹھایا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کے درمیان علاقائی بحری سلامتی اور اس سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
نائب وزیراعظم دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔






