
( 24 نیوز )وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے سعودی عرب کے ماحولیات، پانی اور زراعت کے وزیر عبدالرحمٰن بن عبدالمحسن الفادلی نے ملاقات کی اور انہیں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے نیک تمناؤں سے آگاہ کیا۔
سعودی وزیر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے سے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان مزید قریب آئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے وفد کی ملاقات
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لئے دونوں ممالک کو اب اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے، جس سے دونوں ممالک کو باہمی فائدہ حاصل ہو۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت، بالخصوص پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا، وفد کے دورہ ریاض کے دوران زراعت، پانی کے وسائل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔






