
(حسن علی) شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال 1000 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 5200 میگاواٹ جبکہ سپلائی 4200 میگاواٹ ہے، جس کے باعث طلب کے مقابلے میں رسد میں واضح کمی کا سامنا ہے۔
بجلی کی کمی کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں دو دو گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔
فیصل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ٹاؤن شپ میں 10 منٹ بجلی آنے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:گیس کی لوڈشیڈنگ، نانبائیوں کا احتجاج کا اعلان
ہربنس پورہ، رضوان گارڈن، تاج پورہ، مغلپورہ، اعوان ٹاؤن، اچھرہ، مسلم ٹاؤن اور گلشن راوی کے علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش جاری ہے۔
اسی طرح گلبرگ، کریم پارک، ساندہ اور اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کے مکین بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرکے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔






