9

کون سے کھلاڑی زیرِ تفتیش ہیں؟ PCB نے اہم بیان جاری کردیا

(حافظ شہباز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعض کھلاڑیوں سے متعلق ڈسپلن اور طرزِ عمل کے معاملات پر اندرونی تادیبی تحقیقات شروع کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بورڈ نے ڈسپلن اور طرزِ عمل سے متعلق میڈیا رپورٹس کا اندرونی طور پر جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق معاملے کی تحقیقات بورڈ کے مروجہ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط کے تحت کی جارہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کے دوران تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور معاملے پر مناسب غور کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ نے تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی

 کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ دعوؤں کو قابلِ اعتبار نہ سمجھا جائے۔

پی سی بی نے بالخصوص مخالف یا بیرونی ذرائع سے سامنے آنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر انحصار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کرے گا اور متعلقہ حلقوں اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں صرف پی سی بی کے سرکاری بیانات پر انحصار کریں۔

یوں قومی کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں سے متعلق ڈسپلن اور طرزِ عمل کا معاملہ باضابطہ اندرونی تحقیقات کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، تاہم پی سی بی نے تاحال کسی کھلاڑی کا نام یا ممکنہ کارروائی کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں