3

کیچ کے عوام کو مصنوعی سیاسی ٹوپی ڈراموں کی نہیں، عملی جدوجہد، روزگار اور پائیدار امن چاہیے ، سید احسان شاہ

پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے صدر سید احسان شاہ نے کہا ہے کہ ہماری سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد کیچ اور بلوچستان کے عوام کی اجتماعی ترقی، پائیدار امن، معاشی خوشحالی، روزگار، صحت اور تعلیم کے مسائل کا حل ہے۔ ہماری سیاست کا محور عوام ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہیلتھ کارڈ، روزگار، کاروبار اور عوام کے معاشی حقوق ہی وہ بنیادی مسائل ہیں جن کے حل سے معاشرے میں پائیدار امن اور استحکام پیدا کیا جا سکتا ہے۔ جب لوگوں کے پاس روزگار، کاروبار، علاج، تعلیم اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے مواقع ہوں تو محرومی، بے چینی اور بدامنی کے امکانات خود بخود کم ہوتے ہیں۔ ہم نے اپنے دورِ اقتدار میں ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل منظور کروایا، جس سے پورے بلوچستان کے اساتذہ مستفید ہوئے اور ان کی معاشی حالت میں بہتری آئی۔

سید احسان شاہ نے کہا کہ ہمارے دورِ اقتدار میں سرحدی کاروبار اور روزگار کے وسیع مواقع موجود تھے، سرحد بند نہیں ہوئی تھی اور امن و امان کی صورتحال بھی نسبتاً بہتر تھی۔ کیچ کے عوام سرحدی تجارت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے خاندانوں کا سہارا بن رہے تھے۔ آج سرحدی کاروبار شدید متاثر ہے، روزگار کے مواقع محدود ہو چکے ہیں، کاروباری طبقہ مشکلات سے دوچار ہے اور عام شہری شدید معاشی دباؤ میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاسی جماعتوں اور منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل پر واضح، مؤثر اور عملی کردار ادا کریں، نہ کہ صرف سیاسی بیانات اور نمائشی سرگرمیوں تک محدود رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل پارٹی عوامی نے عوامی مسائل پر کبھی خاموشی اختیار نہیں کی۔ پارٹی کی ہدایت پر نائب صدر غفور احمد بزنجو نے باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے کیچ کے عوام کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کی اور ان مسائل پر پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کا واضح سیاسی مؤقف عوام کے سامنے رکھا۔ ہماری جماعت سمجھتی ہے کہ عوامی مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کے لیے آواز اٹھانا اور متعلقہ فورمز پر مسلسل جدوجہد کرنا سیاسی جماعتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہم نے یہ ذمہ داری پوری کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

سید احسان شاہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک انتہائی اہمیت کی حامل اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران نیشنل پارٹی کے صدر صاحب کو باقاعدہ کہا گیا کہ آپ بات کریں، جو نکات آپ تنہائی میں آ کر بیان کرتے ہیں، آج وہی نکات سب کے سامنے رکھیں۔ لیکن ڈاکٹر صاحب نے اس موقع پر خاموشی اختیار کی اور کوئی مؤثر بات نہیں کی۔ اس معاملے پر پورے بلوچستان میں ڈاکٹر صاحب پر تنقید بھی ہوئی، جو ریکارڈ پر موجود ہے۔ اہم اور فیصلہ کن فورمز پر خاموش رہنا اور بعد میں کیچ آ کر عوام کے سامنے اپنے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنا ایک واضح سیاسی تضاد کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل پارٹی کے پاس عوامی مسائل، روزگار، سرحدی کاروبار، امن و امان یا دیگر اہم معاملات کے حوالے سے ٹھوس نکات اور قابلِ عمل تجاویز موجود ہیں تو انہیں اسمبلی، سینیٹ، اسلام آباد کی اعلیٰ سطحی میٹنگز اور متعلقہ اداروں کے سامنے واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کرنا چاہیے۔ عوامی مسائل صرف کیچ میں پریس کانفرنسیں کرنے، مصنوعی جزباتی ماحول بنانے یا عوامی جذبات کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے سے حل نہیں ہوتے۔ مسائل کے حل کے لیے جہاں فیصلے ہوتے ہیں، وہاں آواز اٹھانا اور اپنے مؤقف پر کھڑا ہونا ضروری ہے۔

سید احسان شاہ نے کہا کہ نیشنل پارٹی صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں موجودگی کے باوجود کیچ کے عوام کے روزگار، سرحدی کاروبار، امن و امان اور بنیادی سہولیات کے مسائل پر وہ مؤثر آواز اٹھانے میں ناکام رہی ہے جس کی عوام کو توقع تھی۔ اگر نمائندگی موجود ہے تو پھر عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر کیا کیا گیا؟ عوامی مسائل کا حل صرف بیانات، سیاسی سرگرمیوں اور وقتی نعروں سے نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد، واضح پالیسی اور عملی اقدامات سے ممکن ہے۔

سید احسان شاہ نے واضح کیا کہ 20 ستمبر کو آل پارٹیز فورم کو نیشنل پارٹی کی طرف سے سیاسی مورچہ بنا کر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کا پاکستان نیشنل پارٹی عوامی حصہ نہیں بنے گی۔ ہم کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں عوامی مسائل کو کسی ایک جماعت کے سیاسی مفادات، اپنی سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے یا مصنوعی سیاسی ماحول پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ آل پارٹیز فورم اگر واقعی عوامی مسائل کے حل کے لیے ہے تو اسے کسی ایک جماعت کا سیاسی مورچہ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل پارٹی عوامی اپنی جدوجہد اپنی پارٹی، کیچ کے عوام، تاجروں، سیاسی و سماجی کارکنوں اور تمام سنجیدہ عوامی حلقوں کے ساتھ مل کر جاری رکھے گی۔ ہم امن و امان، روزگار، صحت، تعلیم، ہیلتھ کارڈ، سرحدی کاروبار اور عوام کے معاشی حقوق کے لیے عملی اور پائیدار جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری سیاست وقتی نعروں، نمائشی پریس کانفرنسوں، مصنوعی سیاسی ماحول یا سیاسی ٹوپی ڈراموں کے بجائے عوامی خدمت اور حقیقی مسائل کے حل پر مبنی ہے۔

سید احسان شاہ نے مزید کہا کہ کیچ کے عوام کو الزام تراشی، نمائشی سرگرمیوں اور وقتی سیاسی اتحادوں کے بجائے روزگار، علاج، تعلیم، کاروبار، محفوظ ماحول اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کی ضرورت ہے۔ عوام اب یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کون صرف باتیں کرتا ہے اور کون عملی طور پر ان کے مسائل کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔ پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کیچ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق، معاشی خوشحالی، پائیدار امن اور باوقار مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں