
(24 نیوز)ایشین گیمز ویمنز کرکٹ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔
شوال ذوالفقار نے 50 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 71 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، کپتان فاطمہ ثنا نے 12 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
سری لنکا نے 178 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان چماری اتھاپتھو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 83 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ کی طبیعت ناساز
حسینی پریرا نے 26 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہرشیتھا سماراوکرما 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے ہدف 13 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا اس طرح 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔






