10

فیفا ورلڈ کپ میں مصر نے تاریخ لکھ دی 92 سال بعد 16 کے راؤنڈ میں پہنچ گیا

(وسیم عظمت)  مصر کی ٹیم نے اپنی فٹ بال ہسٹری کا ایک سنہری صفحہ تحریر کر دیا اور فیفا ورلڈ کپ کے 16 کے راؤنڈ میں فاتحانہ قدم ڈال دیا۔  مصر کو  پینلٹی شوٹس کے مرحلہ میں پہنچ کر فتح نصیب ہوئی۔

اس سے پہلے  مصر نے  گول کر کے ابتدا ہی میں برتری حاصل کر لی تھی لیکن کھیل کے دوسرے ہاف کے دسویں منٹ میں مصر کے ڈیفینڈر محمد ہانی کی غلطی سے خود کو گول ہو گیا اور مصر کی 37 منٹ سے برقرار برتری ختم ہو گئی تھی۔

اس غلطی کے بعد جیت کے لئے ساری ٹیم اور گول کیپر کو مل کر پینلٹی شوٹس تک سٹرگل کرنا پڑا۔  مصر کے سٹرائیکرز نے آج کے میچ میں 14 شوٹس کیں۔ ٹارگٹ پر  4 مرتبہ شوٹس کیں۔

ساری ٹیم نے وقت کا 58 فیصد وقت تک بال کو کنٹرول میں رکھا، 14 فاؤل کئے، 2 ییلو کارڈ دیکھے۔

آج کا میچ مصر کی  کسی ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہلی جیت ہے اور دراصل 92 سال بعد کسی مصری ٹیم کی پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں رسائی کا سبب بننے والی جیت ہے۔ 

“ہونی”کی ابتدا کیسے ہوئی؟

آج پاکستانی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے آرلنگٹن کے ڈلاس سٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ کے 32 کے راؤنڈ کے دلچسپ میچ میں مصر اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو  ہونی ہو گئی۔ 13 ویں منٹ میں مصر کے سٹرائیکر  عاشور نے  ہیڈر سے گول کر دیا۔

12 ویں منٹ میں مصر کو آسٹریلیا کی ڈی کے  کنارے کے باہر پہلی فری کک ملی تھی۔ اس فری کک پر ہونے والے اٹیک کو تو آسٹریلیا کے گول کیپر نے کامیابی سے روک دیا لیکن بال حرکت میں رہی اور چند ہی سیکنڈ بعد مصری سٹرائیکرز نے دوبارہ   ڈی کے اندر پاس ڈالا، امام عاشور کے بروقت ہیڈر  سے بال نیٹ کے اندر جا رہی تھی تو وہ آسٹریلیا کے گول کیپر کی پہنچ میں ہی تھی لیکن وہ اسے روکنے کے لئے کچھ نہ کر سکے۔

اس گول نے آسٹریلیا اور مسر کے میچ میں مصر کو واضح برتری دلوا دی ۔ سٹیڈیم میں موجود ہزاروں مصری فینز نے اس گول کو خوب سلیبریٹ کیا اور میدان میں موجود مصری کھلاڑیوں میں سے کئی نے میدان میں سجدے میں گر کر اس کامیابی کو سلیبریٹ کیا۔  

آج کا میچ  ہارنے والی آسٹریلین ٹیم کو گھر واپس جانے کے لئے  پیک اپ کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  مصر اور آسٹریلیا کا میچ؛ ایشیا کی آخری امید! مصری سٹار صلاح کو آسٹریلیا کیسےروکےگا؟ 

دوسرے ہاف میں مصری ڈیفینڈر کے خود کو ہی گول کر لینے کے بعد مصر اور آسٹڑیلیا کی آویزش میں آسٹریلیا کی پوزیشن بدل گئی، آسٹریلین سٹرائیکرز نے زیادہ جم کر کوشش کی لیکن مجموعی طور پر مصری ٹیم  نہ صرف اچھا ڈیفینس کرنے میں کامیاب رہی بلکہ مصری سٹرائیکرز نے گول کرنے تک جانے کی اچھی کوششیں بھی کیں لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ حتیٰ کہ دوسرا ہاف بھی تمام ہو گیا اور اس کے بعد اضافی وقت بھی کوئی گول ہوئے بغیر ختم ہو گیا۔

پینلٹی شوٹس میں آسٹریلین ٹیم کی بدقسمتی

آسٹریلیا کے بہترین پلئیر سمجھے جانے والے ہیری سؤٹر نے پہلی پینلٹی کک ماری لیکن ان کی ہٹ اونچی چڑھ گئی اور بال گول پوسٹ کو چھو تک نہیں پائی۔

مصر کے شوٹرز نے کوئی بھی پینلٹی مس نہیں کی۔ آسٹریلیا کے لوکاس ہیرنگٹن نے چوتھی پینلٹی کک ماری تو سکور 2-3 تھا، لوکاس ہیرنگٹن کی شوٹ بھی خراب رہی اور بال گول پوسٹ سے کافی اوپر نکل گئی۔ مصر کی طرف سے چوتھی کک  حسام عبدالمغوئید نے ہٹ کی تھی اور یہ فیصلہ کن فتح کا باعث بنی۔

پینلٹی شوٹس میں سب سے حیران کن شوٹ  صلاح کی رہی۔ صلاح نے عین اس جگہ بال پھینکی جہاں آسٹریلیا کے گول کیپر کھڑے تھے لیکن بال کو ہٹ ہوتے تک گول کیپر اپنی جگہ چھوڑ کر زمین کی طرف ڈائیو کر چکے تھے۔ اگر گول کیپر بے حس و حرکت کھڑا رہتاتو صلاح کی شوٹ کو کسی کوشش کے بغیر روک سکتا تھا۔ صلاح نے نفسیاتی کھیل کھیلا اور بال عین اس جگہ ڈالی جہاں گول کیپر کو سب سے کم توقع تھی۔

مصر کے میچ جیتنے کےبعد مصری ٹیم کے کھلاڑیوں اور فینز نے  خوشی کا ابتدائی اظہار چھلانگیں لگا کر کیا، اس کے فوراً بعد مصری ٹیم کے کھلاڑی اور ان کے ساتھ کوچ بھی میدان میں شکر کے سجدے کرتے دکھائی دیئے۔ 

آسٹڑیلین ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے پینلٹی شوٹس کے مرحلہ تک آنے کے بعد ہار ایک شاک تھی۔ آسٹریلین ٹیم کے کھلاڑیوں کی میدان سے واپسی اور ورلڈ کپ میں سٹرگل کا اختتام آنسوؤں کی شکل میں ہونا طبعی تھا۔ 

مصر کی آج کی جیت کی تاریخی اہمیت

1934 میں مصر پہلی افریقی اور پہلی عرب ٹیم تھی جس نے فٹ بال کا ورلڈ کپ کھیلا۔ اس وقت سارا ٹورنامنٹ ہی سیدھا ناک آؤٹ فارمیٹ پر مشتمل تھا، اور مصر ابتدائی ناک آؤٹ میچ (جو آج کے حساب سے راؤنڈ آف 16 کے برابر سمجھا جا سکتا ہے) ہار گیا تھا۔
1990 میں مسر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا تھا لیکن  گروپ مرحلے سے آگے نہ جا سکا۔
2018 میں مصر ایک بار پھر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کر کے آیا لیکن ایک بار پھر  گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو گیا۔
2026 کے ورلڈ کپ میں مصر  نےپہلے  گروپ جی میں دو میچ جیت کر اور تیسرا میچ ڈرا کرنے کے ساتھ گروپ میں پہلی پویزشن کے ساتھ یہ مرحلہ عبور کیا، پھر آج شب راؤنڈ آف 32 میں آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گیا۔ یہ مصر کی تاریخ کی پہلی ورلڈ کپ ناک آؤٹ جیت ہے۔
اس لحاظ سے یہ کامیابی صرف ایک مرحلہ عبور کرنا نہیں، بلکہ تقریباً ایک صدی پر محیط انتظار کا خاتمہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مصر میں اس فتح کو تاریخی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سولہ کے راؤنڈ میں!

مصر کا سولہ کے راؤنڈ میں میچ 7 جولائی کو ہو گا۔ اب تک یہ طے نہیں کہ مصر کا میچ کس سے ہو گا۔ 

اس میچ میں مصر کے حریف کا تعین کیپ وردے اور ارجنٹائن کے کچھ دیر بعد شروع ہونے والے میچ کے نتیجہ سے ہو گا۔ جو ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ 7 جولائی کو  اٹلانٹا سٹی میں مسر کے ساتھ میچ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں