
(حاشر احسن)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط لکھ دیا،جس میں مذاکرات اور مفاہمت پر زوردیا گیا ہے، بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر “ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن” کے قیام کی تجویز دے دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نام جوابی خط میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جانی نقصان قومی سانحہ، ہر قیمتی جان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے، مطالبات اٹھانے والوں کو غدار یا دہشت گرد قرار نہ دیا جائے، تمام الزامات کی شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق تحقیقات ہونی چاہئیں، آزاد کشمیر کے موجودہ بحران کا حل طاقت نہیں بلکہ مذاکرات اور اعتماد سازی میں ہے۔
بلاول بھٹو نے تمام فریقین کی مشاورت سے “ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن” کے قیام کی تجویز پیش کر دی،چیئرمین پیپلزپارٹی کا جوابی خط میں کہناتھا کہ کمیشن حقائق کا تعین، شکایات کا جائزہ اور دیرپا سیاسی حل کی سفارشات مرتب کرے، اسلام آباد میں بیٹھ کر کسی کو کشمیری شناخت پر سوال اٹھانے کا حق نہیں، عوامی ایکشن کمیٹی سے لانگ مارچ اور دھرنے کمیشن کے قیام پر اتفاق کے بعد معطل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ حکام بھی کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے تک مزید سخت اقدامات سے گریز کریں، پاکستان، آزاد کشمیر حکومت اور احتجاجی قیادت متفق ہو تو پیپلزپارٹی بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:19، 22، 26 اور 29 جولائی کو کن علاقوں میں بجلی بند رہے گی؟ شیڈول جاری






