کوئٹہ، : بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت 21 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہونے والے بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او عبدالمنان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فورم کے انعقاد کے انتظامات، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی شرکت، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے اور تقریب کو مؤثر بنانے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فورم کے اغراض و مقاصد اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلال خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم کا مقصد بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا اور صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی ترقی کا ایک اہم مرکز بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا، جس سے صوبے کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
3






