9

میسی کے ہاتھوں نہانے والا بچہ اب ارجنٹائن کے خواب توڑنے کے مشن پر؟

(24 نیوز)دنیا میں بعض اوقات ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں لگتے، ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے درمیان ورلڈ کپ فائنل سے قبل ایک ایسی ہی دلچسپ کہانی سامنے آئی ہے، جس نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

انیس سال پہلے ایک چیریٹی فوٹو شوٹ کے دوران لیونل میسی نے ایک ننھے بچے کو پلاسٹک کے ٹب میں نہلایا تھا، اس وقت نہ میسی کو معلوم تھا اور نہ ہی کسی اور کو اندازہ تھا کہ یہ بچہ ایک دن بڑا ہو کر فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے میں انہی کے سامنے کھڑا ہوگا۔

یہ واقعہ 2007 کا ہے جب 20 سالہ میسی نے یونیسف کے ایک فلاحی کیلنڈر کے لیے فوٹو شوٹ میں حصہ لیا تھا، یہ مہم اسپین کے اخبار ’ڈیاریو اسپورٹ‘ تعاون سے منعقد کی گئی تھی، جس میں بارسلونا کے کھلاڑیوں کو مقامی خاندانوں کے ساتھ تصاویر کے لیے شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ سیمی فائنل کے دوران انگلینڈ اور ارجنٹائن کے کھلاڑی کیوں الجھ پڑے؟

 اسی دوران میسی کی ملاقات ایک شیر خوار بچے سے ہوئی، جسے میسی نے گود میں اٹھایا، نہلایا اور تصاویر بنوائیں، لیکن اس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ بچہ مستقبل میں فٹبال کا ایک بڑا نام بن جائے گا، وہ نام ہے لامین یامال، سپین کا بہترین کھلاڑی۔

کئی سال تک یہ تصاویر عام لوگوں کی نظروں سے دور رہیں۔ تاہم 2024 میں یامال کے والد نے جب یہ پرانی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو وہ تیزی سے دنیا بھر میں وائرل ہو گئیں، شائقین یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ میسی کی گود میں موجود وہ بچہ آج بارسلونا اور سپین کی ٹیم کا ابھرتا ہوا ستارہ بن چکا ہے۔

لامین یامال نے کم عمری میں ہی فٹبال میں کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں، اپنی شاندار ڈرِبلنگ، کھیل کو سمجھنے کی صلاحیت اور دباؤ میں بہترین فیصلے کرنے کی وجہ سے وہ اسپین کی نئی نسل کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں، ورلڈ کپ میں بھی ان کی کارکردگی نے دنیا کو متاثر کیا ہے اور آج وہ فٹبال کے مستقبل کے بڑے ستاروں میں شمار کیے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں