11

چھوٹے دکانداروں کیلئےخصوصی ٹیکس سکیم متعارف! 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے فائدہ اٹھا سکیں گے

(24نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک خصوصی ٹیکس سکیم متعارف کرادی ہے جس سے سالانہ 20 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والے دکاندار فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس خصوصی سکیم کے تحت دکانداروں کو اپنے کاروبار پر صرف 1 فیصد انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا، دکانداروں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرائیں جبکہ رجسٹریشن کے لیے دکانداروں کو آئرس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس دفاتر سے رجوع کرنا ہوگا۔

اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے دکانداروں کو معمول کے ٹیکس آڈٹ سے استثنیٰ دیا جائے گا اور ان کے خلاف صرف ٹیکس چوری یا غیر معمولی مالی لین دین کی صورت میں ہی کارروائی کی جا سکے گی، دکانداروں کی سہولت کے لیے آسان انکم ٹیکس ریٹرن اردو اور دیگر علاقائی زبانوں میں بھی جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید برآں، دکانداروں کو سیکشن 153 کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کٹنگ کی ضرورت نہیں ہوگی اور انہیں سیلز ٹیکس پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے بھی مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔

حکام کے مطابق اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے ایک ‘گرین پلیٹ’ جاری کی جائے گی جس پر کیو آر کوڈ، این ٹی این (NTN) اور دکان کی تمام تفصیلات درج ہوں گی،اس گرین پلیٹ کے حامل رجسٹرڈ دکانوں میں ایف بی آر کے افسران بلاوجہ داخل نہیں ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ 20 کروڑ روپے سے زائد کا سالانہ کاروبار کرنے والے اور ایک سے زیادہ دکانوں کے مالکان اس سکیم میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، ٹائر ون ریٹیلرز، جیولرز اور دیگر پروفیشنل افراد کو بھی اس خصوصی سکیم سے باہر رکھا گیا ہے۔

 ایف بی آر نے اس نئی سکیم پر تاجروں اور عوام سے 7 روز کے اندر تجاویز اور اعتراضات طلب کر لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :  برطانیہ میں بچوں کے جنسی استحصال میں گرفتار شبیر احمد سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا جواب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں