
(ویب ڈیسک) جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب امریکہ کے ایرانی اہداف پر حملوں کے ساتھ ساتھ ایران سے کویت پر حملے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کویت کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملوں سے کویت میں نقصان ہوا۔
خلیج فارس کے اہم ملک کویت کی وزارت دفاع نے جمعرات کو کہا کہ ایرانی ڈرون کی لہروں نے کویت میں مادی نقصان پہنچایا۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ حملوں میں “متعدد اہم تنصیبات” کو نشانہ بنایا گیا، اور انٹرسیپشن کی کارروائیوں کے نتیجے میں ڈرونوں کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرا، جس کے نتیجے میں نقصان ہوا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کویت نے کہا کہ اس نے جمعرات کی صبح سے اپنی فضائی حدود میں 32 “دشمن ڈرونز” کو روکا ہے۔
کویت کے ساتھ بحرین کی افواج کا بھی کہنا ہے کہ جمعرات کو بحرین ایک بار پھر ایرانی فضائی حملوں کا نشانہ بنا۔
جمعرات کے روز ایرانی ھکام نے خود بتایا کہ ایران نے کویت کے علی السالم فضائی اڈے پر ریڈار نظام، ایک فضائی دفاعی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ تہران کے مطابق بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے آج شب ایران پر نئے حملے شروع کر دیئے
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب امریکی فوج نے تصدیق کی کہ رات گیارہ بجے انہوں نے ایران پر نئے حملے شروع کئے ہیں۔ اس وقت تہران میں رات ساڑھے نو بجے تھے۔ تب سے اب صبح سوا ایک بجے تک میڈیا اور سوشل میڈیا میں ایران کی طرف سے علاقہ کے کسی ملک پر کسی حملے کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔






