
(عیسیٰ ترین)حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم ہوگیااورکوئٹہ سے شہداء کی میتوں کو زیارت منتقل کیاجارہاہے۔
مشیراطلاعات وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کاکہناہے کہ شہدا کی میتوں کی منتقلی کیلئے تمام سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کرلئے ہیں، مظاہرین کے ساتھ تمام معاملات پر اتفاق ہوگیاہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر شہداء کی میتوں کی باعزت منتقلی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔
مشیراطلاعات وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کاکہناہے کہ حکومت بلوچستان شہدا ءکے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، ایمبولینسز کے ذریعے شہداء کی میتوں کی زیارت منتقلی کا عمل کچھ دیر بعد شروع کر دیا جائے گا، اس دوران تمام ضروری سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین مذاکرات خوشگوار ماحول میں کامیاب ہوئے، جس کے نتیجے میں تمام معاملات کو باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیا گیا ہے، حکومت بلوچستان نے معاہدے میں طے پانے والے نکات پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان کاکہناہے کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، حکومت بلوچستان ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کے مسائل کے حل، عزت و احترام اور فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔






