10

3 بچوں کی پراسرار ہلاکت والد کے بیان نے تفتیش کا رخ بدل دیا؟

(وقاص احمد)ویلنشیاء کے علاقے میں گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں ملنے کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے بچوں کے والد ناصر کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا۔

پولیس کے مطابق ناصر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی اہلیہ گزشتہ تین برس سے ذہنی مسائل کا شکار تھیں اور گزشتہ چھ ماہ سے علاج اور ادویات استعمال کر رہی تھیں۔

ناصر کے مطابق وہ گروسری لے کر گھر پہنچے تو اہلیہ سے بچوں کے بارے میں پوچھا، جس پر انہیں بتایا گیا کہ بچے فاطمہ کے ساتھ فلم دیکھنے گئے ہیں، انہوں نے اہلیہ سے کہا کہ اگر ایسا تھا تو وہ بھی بچوں کے ساتھ جا سکتے تھے، تاہم اہلیہ نے انہیں آئس کریم کھانے کا کہا۔

ناصر نے بیان میں مزید کہا کہ اسی دوران دروازے پر دستک ہوئی اور محلے داروں نے اطلاع دی کہ بچے گھر کے پچھلے صحن میں پڑے ہیں۔ جب وہ صحن میں پہنچے تو تینوں بچے مردہ حالت میں موجود تھے۔

 یہ بھی پڑھیں:لاہور ویلنشیا ٹاؤن کےگھر سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں ملنے کا مقدمہ درج

ان کے مطابق واقعے کے فوراً بعد اہلیہ کی طبیعت بھی بگڑ گئی، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

ناصر نے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکن ہے بچوں کو دی جانے والی آئس کریم میں کوئی چیز ملائی گئی ہو، تاہم اس کی حتمی تصدیق فرانزک رپورٹ اور پولیس تحقیقات کے بعد ہی ہو سکے گی۔

پولیس اور فرانزک ٹیموں نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے دوبارہ جانچ شروع کر دی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجہ سے متعلق کوئی حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں