13

امریکی حملوں کا دائرہ وسیع، ایرانی جوہری مراکز بھی نشانے پر،تہران کے جوابی  کارروائی،نئے میزائل فائر کردیے

(24نیوز)امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا،امریکی افواج نے مسلسل نویں رات ایران کے مختلف علاقوں پر حملے کیے۔

 تبریز، چابہار، سیرک، ہرمزگان، بوشہر، آبادان اور کنارک میں بمباری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ایرانی جوہری اور عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کے دعوے کیے گئے ہیں۔

ایران کے ایک نیوکلیئر پاور پلانٹ پر امریکی حملے کی بھی تصدیق کی گئی ہے، جس پر بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی خطے میں امریکی اہداف پر جوابی کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی ذرائع کے مطابق نئے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، شام کے علاقے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر موجود امریکی طیاروں پر بھی میزائل حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام نے متعدد امریکی ڈرونز اور کروز میزائل مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے،اس کے علاوہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں کے دھماکوں سے تباہ ہونے اور عمان کے علاقے کُمزار کے قریب ایک جہاز میں آگ لگنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

بحرین کے دارالحکومت منامہ میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ بحرین میں امریکی سفارت خانے نے ایرانی حملے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کے لیے احتیاطی الرٹ جاری کیا ہے،ادھر عراق میں ایک اور امریکی فوجی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں