4

بارش، چائے اور پکوڑے… ایسا تعلق جو کبھی پرانا نہیں ہوتا۔۔۔کرسپی پکوڑے بنانے کی آسان ترکیب

(ویب ڈیسک)بارش کی پہلی بوند جب زمین کو چھوتی ہے تو مٹی کی خوشبو کے ساتھ ایک ہی خواہش دل میں جاگتی ہے، ہاتھ میں گرم چائے کا کپ ہو اور سامنے کرارے، خوشبودار پکوڑے، شاید یہی وہ لمحے ہیں جو عام دنوں کو بھی خوبصورت یادوں میں بدل دیتے ہیں، اگر آپ بھی اس حسین موسم کا لطف دوبالا کرنا چاہتے ہیں تو آج ہم آپ کو لذیذاور خستہ  پکوڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں، جسے گھر میں بنا کر آپ اہلِ خانہ،دوستوں کیساتھ بارش کا مزہ مزید دوبالا کر سکتے ہیں۔

کرارے پکوڑوں کی آسان ریسیپی

اجزا:بیسن: 2 کپ،پیاز: 2 عدد (باریک کٹے ہوئے)،آلو: 1 عدد (باریک قتلے)،پالک یا ہری مرچ: حسبِ پسند،ہرا دھنیا: 2 کھانے کے چمچ،لال مرچ، نمک، پسی ہوئی دھنیا، زیرہ اور اجوائن: حسبِ ذائقہ،بیکنگ سوڈا: ایک چٹکی (اختیاری)،پانی: حسبِ ضرورت،تیل: تلنے کے لیے۔
ترکیب:بیسن میں تمام مصالحے، پیاز، آلو، پالک، ہری مرچ اور ہرا دھنیا شامل کریں، تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر گاڑھا بیٹر تیار کریں، کڑاہی میں تیل اچھی طرح گرم کریں اور آمیزے کو چمچ کی مدد سے ڈال کر درمیانی آنچ پر سنہری اور کرارا ہونے تک تلیں، اضافی تیل جذب کرنے کے لیے پکوڑوں کو ٹشو پیپر پر نکال لیں۔

چائے کی ریسیپی

اجزا:دودھ: 2 کپ،پانی: 1 کپ،چائے کی پتی: 2 چائے کے چمچ،چینی: حسبِ ذائقہ،سبز الائچی: 2 عدد (ہلکی کچلی ہوئی)،ادرک: ایک انچ کا ٹکڑا (کدوکش کیا ہوا، اختیاری)

ترکیب:پانی میں چائے کی پتی، الائچی اور ادرک ڈال کر 2 سے 3 منٹ ابالیں، پھر دودھ اور چینی شامل کریں اور ہلکی آنچ پر مزید 4 سے 5 منٹ پکنے دیں، چھان کر گرم گرم پیش کریں۔

گرم چائے، کرارے پکوڑے اور بارش کی رم جھم… اس سے خوبصورت موسم کا لطف شاید ہی کوئی اور ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں