
(شہباز علی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شیرون نیازی اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اسامہ شیرون نیازی نے کہا کہ اسکول کرکٹ کے فروغ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی بھرپور سرپرستی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے شکر گزار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد کم عمری میں ہی باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے، کیونکہ دنیا کے کئی ممالک میں اسکول کرکٹ ہی مستقبل کے اسٹار کھلاڑی تیار کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 39 اضلاع میں اسکول کرکٹ کا انعقاد کیا گیا تھا، جبکہ اس سال پروگرام کو توسیع دیتے ہوئے ملک کے 100 اضلاع تک پہنچایا جا رہا ہے، اس سیزن میں 1200 اسکولز حصہ لیں گے، جنہیں تقریباً 3 ہزار رجسٹرڈ اسکولوں میں سے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
اسامہ شیرون نیازی کے مطابق اسکول کرکٹ کے مقابلے چار مراحل میں منعقد ہوں گے، جبکہ پہلا مرحلہ 15 ستمبر سے 20 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا کیس: سپریم کورٹ کا جیل انتظامیہ سے مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی کی منظوری سے ملک بھر میں 16 ریجنل کرکٹ اکیڈمیز قائم کی جا رہی ہیں، جو سال بھر فعال رہیں گی اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔






