
(24نیوز)امریکی فوج نے مسلسل دسویں رات ایران میں مختلف مقامات پر حملے کیے، جبکہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جواباً بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران کے شہروں چاہ بہار، کونارک، سیرک اور بندر عباس میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والی ایرانی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
ایرانی بیان کے مطابق بحرین کے شہر محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام جبکہ رفاع میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا،اس کے علاوہ بحرین کے شہر رفاع میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ تنصیبات، علی السالم ایئربیس پر موجود ایم کیو-9 ڈرون ہینگر اور احمد الجابر ایئربیس پر امریکی فوجی تنصیبات کو بھی میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی۔






