
(ویب ڈیسک) چیک جمہوریہ کے مشرقی علاقے میں فوج کا ایک وینم ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر اہلکاروں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
چیک فوج نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حادثہ 22ویں ہیلی کاپٹر ایئر فورس بیس پر پیش آیا، جو نامیشت ناد اوسلاوو میں واقع ہے، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں پانچ فوجی اہلکار سوار تھے۔
فوج کے مطابق حادثے کے فوراً بعد انٹیگریٹڈ ایمرجنسی سسٹم کو متحرک کر دیا گیا، جس کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سی ٹی کے کے مطابق حادثے میں کم از کم ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا ہے، تاہم دیگر اہلکاروں کی حالت کے بارے میں تاحال باضابطہ معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
چیک فوج نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔
واضح رہے کہ یو ایچ-ون وائی وینم ایک جدید کثیرالمقاصد فوجی ہیلی کاپٹر ہے، جسے بیل ٹیکسٹرون نے تیار کیا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر دو ٹی 700 جی ای-401 سی انجنوں سے لیس ہے، جو جنرل الیکٹرک تیار کرتی ہے، اور اسے فوجی نقل و حمل، امدادی کارروائیوں اور مختلف عسکری مشنز میں استعمال کیا جاتا ہے۔






