(24نیوز) وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی نے مونٹی نیگرو کے وزیر داخلہ ڈانیلو شارانووچ سے ملاقات کی ہے۔
اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرا داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ضروری وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مونٹی نیگرو کے وزیر داخلہ ڈانیلو شارانووچ کے ساتھ پولیس افسروں کی ٹریننگ، ایکسچینج پروگرامز، انسدادِ منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر بھی گفتگو کی۔
محسن نقوی نے ڈانیلو شارانووچ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور مونٹی نیگرو کے درمیان بامقصد تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کوآرڈینیشن کا میکنزم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔








